اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے اس سال بھی رمضان پیکج کی امدادی رقوم کی تقسیم ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت رمضان پیکج سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں انہوں نے پیکج کو مزید مؤثر اور بہتر بنانے کے لیے سفارشات بھی طلب کر لیں۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ یوٹیلٹی اسٹورز میں بدعنوانی کے باعث ماضی میں مستحق افراد اپنے حق سے محروم رہتے تھے، تاہم حکومت نے گزشتہ سال کم نرخوں پر اشیائے خورونوش کی فراہمی کے لیے ایک شفاف نظام متعارف کرایا۔
وزیراعظم نے بتایا کہ گزشتہ سال 40 لاکھ خاندانوں میں فی خاندان 5 ہزار روپے کے حساب سے مجموعی طور پر 20 ارب روپے ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے تقسیم کیے گئے تھے۔
دوسری جانب وزیراعظم نے ایک اور اجلاس میں جواہرات اور قیمتی پتھروں کے شعبے میں اصلاحات کے لیے قومی پالیسی فریم ورک کی بھی منظوری دے دی۔














