Welcome To Qalm-e-Sindh

وزیراعظم کا پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تجارت 2 ارب ڈالر تک بڑھانے کے عزم کا اظہار

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان باہمی تجارت کو 2029 تک 2 ارب ڈالر تک لے جانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار پاکستان–ازبکستان بزنس فورم سے خطاب کے دوران کیا۔

وزیراعظم نے ازبک سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ بزنس فورم کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم 450 ملین ڈالر تک پہنچا، تاہم اس میں مزید اضافے کی بڑی صلاحیت موجود ہے۔

اس موقع پر پاکستان اور ازبکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی کیے گئے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ازبکستان میں چاول اور آلو کی نمایاں طلب ہے، جسے پاکستان بآسانی پورا کر سکتا ہے۔

شہباز شریف نے دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان 3 ارب ڈالر سے زائد کے تجارتی سمجھوتوں کو ایک اہم پیشرفت قرار دیا اور کہا کہ یہ معاہدے دوطرفہ معاشی تعاون کو نئی رفتار دیں گے۔

ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف نے بھی دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے معاہدوں پر مؤثر عملدرآمد کے عزم کا اظہار کیا۔

دوسری جانب دفتر خارجہ کی جانب سے پاکستان اور ازبکستان کا مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا، جس کے مطابق پاکستان نے ازبک ٹرانزٹ کارگو کے لیے اپنی بندرگاہوں اور سڑکوں کے استعمال کی پیشکش کی ہے، جبکہ ازبکستان، افغانستان اور پاکستان کے مابین مجوزہ ریلوے منصوبے کو بھی متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا ہے۔

بعد ازاں ایوانِ صدر میں ازبکستان کے صدر کو پاکستان کے اعلیٰ ترین سول اعزاز نشانِ پاکستان سے بھی نوازا گیا۔

Related Posts