Welcome To Qalm-e-Sindh

وزیراعظم نے سندھ کی درخواست پر مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس آج طلب کرلیا

کراچی : سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے صوبائی حکومت کی درخواست پر مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کا اجلاس آج ہی طلب کرلیا ہے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام “پاکستان ٹوڈے” میں گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ سی سی آئی کا اجلاس پہلے 2 مئی کو ہونا تھا، تاہم حکومتِ سندھ کی درخواست پر یہ اجلاس آج شام اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیر صدارت منعقد ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں سندھ کی نمائندگی وزیر اعلیٰ سندھ کریں گے، جبکہ بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعظم کے درمیان ہونے والی بات چیت کی روشنی میں فیصلے کیے جائیں گے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ سی سی آئی کے اجلاس میں آج کینالوں کے معاملے پر فیصلہ متوقع ہے، جس کے بعد یہ مسئلہ ختم ہو جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت پہلے بھی وفاق سے مطالبہ کرچکی تھی کہ سی سی آئی کا اجلاس جلد بلایا جائے۔

سینئر وزیر نے احتجاج کے باعث پیدا ہونے والی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ راستوں کی بندش سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔ گڈز ٹرانسپورٹ کی روانی متاثر ہوئی، کسانوں اور تاجروں کو نقصان پہنچا، جبکہ مویشیوں کے کاروبار سے وابستہ افراد بھی مشکلات کا شکار ہوئے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ وہ وزیراعظم کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے سندھ حکومت کا مطالبہ تسلیم کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت بات چیت اور مشاورت پر یقین رکھتی ہے۔

Related Posts