Welcome To Qalm-e-Sindh

وزیراعظم نے بلاول بھٹو کو حکومت پنجاب سے متعلق تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرادی

وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو حکومت پنجاب سے متعلق تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی وفد کے ہمراہ وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں ملکی سیاسی صورتحال، باہمی تعلقات اور حالیہ سیاسی تناؤ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران وفد نے غزہ امن معاہدے کے حوالے سے پاکستان کے کردار پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ پیپلز پارٹی ایک اہم اتحادی جماعت ہے، جس کے ساتھ تعلقات کو احترام اور قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے ملاقات میں حکومت پنجاب سے متعلق پارٹی کے تحفظات وزیراعظم کے سامنے رکھے، جن پر وزیراعظم نے مکمل تعاون اور تحفظات کے ازالے کی یقین دہانی کرائی۔

ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ان معاملات کو مل بیٹھ کر حل کرنے پر اتفاق ہوا جو مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے درمیان تناؤ کا باعث بنے تھے۔ ملاقات میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ اتحادی جماعتوں کے درمیان رابطے مؤثر اور مسلسل ہونے چاہئیں تاکہ مستقبل کے چیلنجز کا مشترکہ طور پر مقابلہ کیا جا سکے۔

اس اہم ملاقات سے قبل وزارت خارجہ میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی مذاکراتی کمیٹیوں کا اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار نے کی۔ پیپلز پارٹی وفد میں راجہ پرویز اشرف، شیری رحمان اور ندیم افضل چن شامل تھے، جب کہ مسلم لیگ (ن) کی نمائندگی ملک احمد خان، احد چیمہ اور رانا ثناء اللہ نے کی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور آئندہ سیاسی تعاون کی حکمت عملی پر غور کیا گیا، جبکہ اتحادی جماعتوں کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ کو مزید مؤثر بنانے پر بھی بات چیت کی گئی۔

Related Posts