وزیراعظم شہباز شریف نے ایران پر اسرائیلی فضائی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور اس سنگین واقعے پر ایرانی عوام کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس حملے کو انتہائی غیر ذمہ دارانہ عمل قرار دیتے ہوئے اس کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔وزیراعظم نے کہا کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ ہے اور پہلے سے غیر مستحکم خطے کو مزید غیر مستحکم کر سکتی ہے۔ انہوں نے عالمی برادری اور اقوامِ متحدہ پر زور دیا کہ وہ اس کشیدگی کو بڑھنے سے روکنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کریں تاکہ خطے میں امن قائم رہے۔شہباز شریف نے خبردار کیا کہ اگر کشیدگی میں اضافہ ہوا تو اس کے تباہ کن اثرات نہ صرف خطے بلکہ عالمی امن پر بھی مرتب ہوں گے۔ انہوں نے بین الاقوامی سطح پر ذمہ داری کا تقاضا کیا کہ ایسی صورتحال سے بچا جائے تاکہ تشویش میں مبتلا عوام کو ریلیف مل سکے اور امن و استحکام قائم رہ سکے۔