وزیراعظم شہباز شریف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان وائٹ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات کے دوران ایک دلچسپ پہلو نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کر لی۔
اس ملاقات میں صدر ٹرمپ کے کوٹ پر لگی جنگی طیارے کی پن کو لے کر مختلف آراء سامنے آئیں۔ بعض صارفین نے اسے پاکستان کے حق میں ایک علامتی اشارہ قرار دیا، جب کہ کچھ نے خیال ظاہر کیا کہ یہ پن بھارت کے لیے ایک پیغام ہو سکتی ہے۔ ایک بھارتی صارف نے یہاں تک لکھا کہ “یہ بہت بڑا پیغام ہے”۔
تاہم بعد ازاں وضاحت کی گئی کہ صدر ٹرمپ نے یہ پن ترکیے کے صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کے موقع پر لگائی تھی۔ پن دراصل ایف 22 ریپٹر جنگی طیارے کی سنہری علامت تھی، جو ملاقات سے قبل ہی کوٹ پر نصب کی گئی تھی۔
یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور صدر ٹرمپ کے درمیان یہ ملاقات اوول آفس میں ہوئی، جو تقریباً ایک گھنٹہ 20 منٹ تک جاری رہی۔ ملاقات میں دونوں جانب سے اعلیٰ حکام بھی شریک تھے، جن میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، امریکی نائب صدر اور وزیر خارجہ شامل تھے۔














