اگر آپ کسی کورئیر والے، کیب ڈرائیور یا ایسے شخص کو میسج کرنا چاہتے ہیں جس سے دوبارہ رابطے کا امکان نہ ہو، تو واٹس ایپ ایک مشکل کھڑی کرتا ہے کیونکہ میسج بھیجنے سے پہلے نمبر محفوظ کرنا ضروری ہوتا ہے۔ اس وجہ سے فون بک ایسے نمبروں سے بھر جاتی ہے جن کی آئندہ ضرورت نہیں پڑتی۔
لیکن اچھی خبر یہ ہے کہ واٹس ایپ میں ایک فیچر کلک ٹو چیٹ (Click to Chat) کے نام سے موجود ہے جس کے ذریعے آپ بغیر نمبر سیو کیے بھی کسی کو براہِ راست میسج بھیج سکتے ہیں۔ حیرت انگیز طور پر یہ فیچر کافی عرصے سے موجود ہے مگر زیادہ تر صارفین کو اس کا علم نہیں۔
کلک ٹو چیٹ فیچر کیا ہے؟
اس فیچر کے ذریعے نمبر کو کانٹیکٹ میں محفوظ کرنے کے بجائے صرف ایک مخصوص لنک بنایا جاتا ہے۔ اس لنک پر کلک کرنے سے واٹس ایپ خود بخود اُس نمبر کی چیٹ ونڈو کھول دیتا ہے—یعنی کوئی اضافی مرحلہ نہیں۔
اس کے لیے کسی تھرڈ پارٹی ایپ کی ضرورت نہیں، یہ واٹس ایپ کا اپنا فیچر ہے اور موبائل ایپ کے ساتھ ساتھ واٹس ایپ ویب پر بھی کام کرتا ہے۔
اس فیچر کو استعمال کیسے کریں؟
اس کے لیے آپ کو مطلوبہ فرد کے مکمل فون نمبر کی ضرورت ہوتی ہے اور اس کے شروع میں کنٹری کوڈ کا اضافہ کرنا ہوتا ہے۔
کنٹری کوڈ اور فون نمبر کے درمیان کوئی اسپیس، بریکٹ یا ڈیش کا استعمال نہیں کرنا ہوتا۔
مثال کے طور پر +92xxxxxxxxxx کی بجائے 92xxxxxxxxxx لکھنا ہوگا۔
مگر نمبر سے پہلے https://wa.me/ کا اضافہ کرنا ہوگا اور ایک سلیش ایڈ کرکے نمبر لکھنا ہوگا۔
یعنی اس طرح https://wa.me/92xxxxxxxxxx لکھنا ہوگا۔
اس لنک کو اپنے واٹس ایپ نمبر کی چیٹ پر محفوظ کرلیں اور ضرورت پڑنے پر پہلے کاپی کریں اور نمبر کو تبدیل کرکے سینڈ بٹن پر کلک کریں اور پھر لنک پر کلک کریں، ایسا کرنے سے مطلوبہ چیٹ ونڈو اوپن ہو جائے گی۔














