آزاد کشمیر کی تحصیل اٹھ مقام میں بجلی کی ترسیلی لائن میں خرابی کے باعث وادی نیلم میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوا، جس سے متعدد علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے اور موبائل و انٹرنیٹ سروسز بھی متاثر ہوئیں۔
ذرائع کے مطابق 132 کے وی اے کی ٹرانسمیشن لائن میں فنی خرابی پیدا ہوئی ہے، جس کی وجہ سے جاگراں پاور ہاؤس سے نیشنل گرڈ کو بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں کئی گھنٹوں سے بجلی بند ہے، جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، خاص طور پر مواصلاتی نظام میں خلل کے باعث رابطے منقطع ہو گئے ہیں۔ محکمہ برقیات کے مطابق واپڈا کی تکنیکی ٹیمیں مرمتی کام میں مصروف ہیں، اور توقع ہے کہ شام تک بجلی کی مکمل بحالی ممکن ہو جائے گی۔














