نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے آئندہ مالی سال 2025-26 کے لیے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں کمی کی منظوری دے دی ہے۔ ذرائع کے مطابق نیپرا نے بجلی کے فی یونٹ نرخ میں 1 روپے 50 پیسے کمی کرتے ہوئے نیا اوسط بنیادی ٹیرف 34 روپے فی یونٹ مقرر کیا ہے، جو اس وقت کے 35 روپے 50 پیسے سے کم ہے۔
نیپرا کا فیصلہ وفاقی حکومت کو آگاہ کر دیا گیا ہے اور اس حوالے سے سمری جلد کابینہ میں پیش کی جائے گی تاکہ ملک بھر میں یکساں بجلی کے نرخوں کے لیے سبسڈی کی ایڈجسٹمنٹ کی جا سکے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی ریونیو ضروریات کے لیے 3520 ارب روپے کی منظوری دی گئی ہے، جس میں 3066 ارب روپے بجلی کی خریداری اور 454 ارب روپے منافع و نقصانات کی مد شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کیپیسٹی پیمنٹس اور دیگر چارجز کے لیے 1940 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ نیپرا کے اس فیصلے سے صارفین کو مالی سال کے آغاز سے ریلیف ملنے کی توقع ہے تاہم فلحال فلائٹ آپریشنز کی مکمل بحالی اور سبسڈی ایڈجسٹمنٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے۔














