Welcome To Qalm-e-Sindh

نیپا چورنگی میں مین ہول میں گرنے والے 3 سالہ بچے کی لاش 14 گھنٹے بعد برآمد

کراچی میں نیپا چورنگی کے قریب ایک 3 سالہ بچہ کھلے مین ہول میں گر گیا، جس کی لاش ریسکیو ٹیموں نے تقریباً 14 گھنٹے بعد نالے سے برآمد کی۔ لاش جائے وقوعہ سے تقریباً ڈیڑھ کلومیٹر دور نکالی گئی اور فوری طور پر سرد خانے منتقل کر دی گئی۔

واقعے کے مطابق بچہ ابراہیم ولد نبیل تھا، جو والدین کے ہمراہ ڈیپارٹمنٹل اسٹور میں شاپنگ کے لیے آیا تھا۔ رات تقریباً 11 بجے پارکنگ ایریا میں والد کے پیچھے بھاگتے ہوئے کھلے مین ہول میں گر گیا۔

ریسکیو اہلکاروں نے بچے کی تلاش شروع کی، تاہم ابتدا میں کامیابی نہ مل سکی اور بعد ازاں ریسکیو آپریشن عارضی طور پر روک دیا گیا۔ اس دوران مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت ہیوی مشینری کے ذریعے کھدائی کی، جس کے نتیجے میں لاش برآمد ہوئی۔

واقعے کے بعد علاقے میں مشتعل افراد نے احتجاج کیا، سڑکوں پر ٹائر جلا کر ٹریفک معطل کر دی، اور یونیورسٹی روڈ نیپا سے حسن اسکوائر تک جانے والا ٹریک بھی بند ہو گیا۔ بعد میں ٹریفک بحال کر دی گئی۔

بچے کے دادا نے بتایا کہ یہ ان کے بیٹے کی اکلوتی اولاد تھی۔ انہوں نے ریسکیو اہلکاروں کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ اداروں کی جانب سے ابتدائی تین سے ساڑھے تین گھنٹے تک کوئی مدد نہیں آئی، جس کے بعد لوگ خود آگے آئے۔ انہوں نے حکومت سندھ اور میئر کراچی سے مدد کی اپیل کی۔

نیپا واقعے کی تحقیقات کے لیے متعلقہ حکام کو ہدایت دی گئی ہے تاکہ کھلے مین ہول اور دیگر حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا جا سکے۔

Related Posts