Welcome To Qalm-e-Sindh

نقد ادائیگی پر اضافی چارج: پیٹرول سمیت کیش خریداری مہنگی ہونے کا امکان

وفاقی حکومت آئندہ مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں پیٹرول سمیت تمام اشیاء کی نقد خریداری پر اضافی چارج عائد کرنے پر غور کر رہی ہے۔ اس اقدام کا مقصد ڈیجیٹل ادائیگیوں کو فروغ دینا اور ٹیکس نیٹ کو وسعت دینا ہے۔

ایف بی آر ذرائع کے مطابق، فنانس بل میں ایسی تجاویز شامل کی جا رہی ہیں جن کے تحت پیٹرول پمپس سے نقد ادائیگی پر فی لیٹر تیل کی خریداری پر 3 روپے تک اضافی چارج وصول کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اس اقدام سے نہ صرف ٹیکس چوری کی روک تھام میں مدد ملے گی بلکہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کی طرف منتقلی کا عمل بھی تیز ہو گا۔

مزید یہ کہ مینوفیکچررز اور درآمد کنندگان کو بھی نقد فروخت پر 2 فیصد اضافی ٹیکس لینے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔ ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں کارپوریٹ سیکٹر سے مشاورت مکمل کر لی گئی ہے، اور یہ تجاویز بجٹ میں شامل کیے جانے کے قریب ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ کیش ادائیگی کے بجائے ڈیبٹ/کریڈٹ کارڈز، موبائل والٹس، اور QR کوڈز کے ذریعے ادائیگی کو فروغ دینے کے لیے مخصوص اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

عوامی سطح پر یہ اقدام نقد خریداری کرنے والے افراد کے لیے مہنگائی کا نیا بوجھ ثابت ہو سکتا ہے، خاص طور پر ان طبقات کے لیے جو ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام تک رسائی نہیں رکھتے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ دکانوں اور ممکنہ طور پر دیگر ریٹیل کاروباروں میں بھی کیش خریداری پر اضافی ٹیکس عائد کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔

تاہم، ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ خریدار اضافی ٹیکس ادا کر کے اگر نقد ادائیگی کرنا چاہیں تو انہیں اس کی اجازت ہو گی، لیکن ڈیجیٹل ذرائع سے ادائیگی کی صورت میں انہیں یہ اضافی چارج نہیں دینا پڑے گا۔

Related Posts