میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے جماعت اسلامی کو شہر کے سیوریج نظام کی خرابی اور دیگر مسائل کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے سخت تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اب کراچی میں منافقت برداشت نہیں کی جائے گی اور وہ اس کا سخت جواب دیں گے۔
میڈیا سے گفتگو میں مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ حب کینال کے متاثرہ حصے کی 48 گھنٹوں میں مرمت کر دی گئی ہے اور پانی کی سپلائی بحال کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات پر غلط بیانی کی جاتی ہے جو شہر کے تاثر کو خراب کرتی ہے، لیکن وہ کام کر کے دکھائیں گے۔
میئر نے جماعت اسلامی پر الزام لگایا کہ انہوں نے 2003 میں کراچی کا ماسٹر پلان خراب کر کے شہر کی سڑکوں کو کمرشلائز کرنے کی اجازت دی، جس کی وجہ سے سیوریج کے مسائل جنم لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے پارکس اور شاہراہوں کو کمرشلائز کیا، جس سے شہر کی صورتحال مزید خراب ہوئی۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی کے پارکس کو دوبارہ فعال کیا جا رہا ہے جہاں پہلے غیر اخلاقی سرگرمیاں ہو رہی تھیں، اور انہوں نے کھیلوں کی سرگرمیاں بحال کر کے پارکوں کو عوام کے لیے محفوظ بنایا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی کی جنگ کراچی اور سندھ کی ترقی کے لیے ہے، اور وہ تمام وسائل کے ساتھ کام جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی ناراضگی اس بات پر ہے کہ وہ کام کروا رہے ہیں، اور اپوزیشن کو چاہیے کہ منفی بیانات سے پرہیز کرے۔














