منڈی یزمان کے نواحی گاؤں میں ہونے والی ایک نجی مہندی کی تقریب اُس وقت خبروں کی زینت بن گئی جب معروف خواجہ سرا رقاصہ مہک ملک کی فحش رقص کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد پولیس نے مہک ملک سمیت 35 افراد کے خلاف ایمپلی فائر ایکٹ اور فحاشی کے الزامات پر مقدمہ درج کر لیا ہے۔ایف آئی آر کے مطابق، مہک ملک نے نیم عریاں لباس میں فحش گانوں پر رقص کیا، جبکہ دیگر افراد نے اُن پر نوٹ نچھاور کیے۔ مقدمے میں 10 افراد کو نامزد اور 25 نامعلوم افراد کو شامل کیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق تقریب میں کچھ سرکاری ملازمین، بشمول ایک پولیس کانسٹیبل، بھی موجود تھے، مگر انہیں مقدمے میں نامزد نہیں کیا گیا۔پولیس کے مطابق تاحال کسی ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی، تاہم تحقیقات جاری ہیں۔ اس واقعے نے سوشل میڈیا پر بھی شدید ردعمل پیدا کیا ہے، جہاں صارفین قانون کے مساوی اطلاق کا مطالبہ کر رہے ہیں۔