پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن کے حالیہ بیانات پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مریم نواز پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ ہیں جن کی عاجزی اور خدمت نے عوام کے دل جیت لیے ہیں۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ شرجیل میمن کو چاہیے کہ وہ مریم نواز سے جلنے اور تنقید کرنے کی بجائے سندھ کے مسائل، خاص طور پر کراچی کے گندگی کے مسئلے کو حل کرنے میں اپنی توانائیاں صرف کریں۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ سندھ میں اقتدار دو، تین ٹرم سے مزے لے رہے لوگ ہیں جن کی کارکردگی صفر ہے، اور یہی ان کا اصل مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا، “اگر واقعی سندھ میں بہتر نظام لے کر آئے ہیں تو کراچی کا کوڑا اٹھانے کی ہمت بھی دکھائیں۔”
انہوں نے شرجیل میمن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کی حکومت کی عوام میں مقبولیت ان کی عاجزی اور محنت کی وجہ سے ہے، نہ کہ بیانات بازی کی وجہ سے۔ عظمیٰ بخاری نے واضح کیا کہ پنجاب میں مضبوط بلدیاتی نظام موجود ہے اور مسلم لیگ (ن) ہمیشہ عوام کی خدمت کو ترجیح دیتی ہے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سندھ کے متکبر اور غرور سے بھرے لوگ سندھ کی عوام کے حال پر رحم کریں اور حقیقی خدمت کا جذبہ دکھائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں عوام کے حقوق کا تحفظ مضبوط قیادت کے ہاتھ میں ہے اور جلد ہی سندھ کی حکمران جماعت کو عوامی امتحان کا سامنا کرنا پڑے گا۔