کراچی کے ملیر جیل سے زلزلے کے دوران فرار ہونے والے قیدیوں میں سے ایک کو اس کی ماں نے خود جیل واپس پہنچا کر انصاف کی ایک بہترین مثال قائم کر دی۔ خاتون نے بتایا کہ زلزلے کے خوف سے قیدی بھاگ نکلے، اور اس کا بیٹا بھی موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے گھر آ گیا، لیکن ماں نے ذمہ داری کا ثبوت دیتے ہوئے اپنے بیٹے کو پیدل چل کر دوبارہ جیل لے جا کر قانون کے حوالے کر دیا۔ اس واقعے نے نہ صرف ماں کے فرض شناسی اور ایمانداری کو نمایاں کیا بلکہ سماجی اور اخلاقی ذمہ داری کی ایک اعلیٰ مثال بھی قائم کی۔ یاد رہے کہ پیر کی رات زلزلے کے باعث ملیر جیل کی بیرکس میں دراڑیں پڑنے کے بعد 200 سے زائد قیدی فرار ہو گئے تھے جن کی گرفتاری کے لیے پولیس اور رینجرز کی بڑی کارروائیاں جاری ہیں۔