Welcome To Qalm-e-Sindh

مئی 2025 کی جنگ: افواجِ پاکستان نے بھارت کو ناقابلِ فراموش سبق سکھا دیا، وزیراعظم

مظفرآباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مئی 2025 کی جنگ میں افواجِ پاکستان نے ہندوستان کو ایسا سبق سکھایا جو وہ ہمیشہ یاد رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر آزاد ہوگا اور کشمیر پاکستان بنے گا۔

یونیورسٹی آف آزاد کشمیر مظفرآباد میں طلبا و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ لیپ ٹاپ محض ایک مشین نہیں بلکہ ایک وژن ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر لیپ ٹاپ دینا رشوت ہوتا تو کیا آج ملک کے نوجوان ڈاکٹر اور انجینئر بن سکتے تھے؟ ان کا کہنا تھا کہ آج تک ایک بھی لیپ ٹاپ سفارش کی بنیاد پر تقسیم نہیں کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا کہ آزاد کشمیر میں چار دانش اسکولوں کی تعمیر کی منظوری دے دی گئی ہے اور جلد یہاں دانش یونیورسٹی بھی قائم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ مئی 2025 کی جنگ میں افواجِ پاکستان نے جس جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور اتحاد کا مظاہرہ کیا، وہ قابلِ فخر ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اتحاد اور یکجہتی کے ذریعے کشمیری عوام کو ان کا حق دلایا جائے گا اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کا خواب ضرور پورا ہوگا۔

Related Posts