قلات میں سکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 4 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یکم نومبر کی رات سکیورٹی فورسز کو بلوچستان کے ضلع قلات میں بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع ملی، جس پر فوری کارروائی کی گئی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا گیا اور چار دہشتگرد مارے گئے۔ ان دہشتگردوں کا تعلق متعدد دہشتگرد کارروائیوں سے تھا اور ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے انسداد دہشتگردی کی کارروائیاں جاری رکھیں گے تاکہ بیرونی حمایت یافتہ دہشتگردی کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔














