لاہور: پاکستان نے بنگلادیش کو دوسرے ٹی 20 میچ میں 57 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز اپنے نام کرلی۔ قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے مداحوں کے دل جیت لیے۔پاکستانی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 201 رنز بنائے۔نوجوان بلے باز صاحبزادہ فرحان نے 74 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر سب کو متاثر کیا، جبکہ حسن نواز نے 51 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کر دی۔جواب میں بنگلادیشی ٹیم ہدف کے تعاقب میں صرف 144 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔قومی بولرز نے عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے کسی بھی موقع پر مخالف ٹیم کو کھیل میں واپس آنے نہ دیا۔یہ پاکستان کی 2021 کے بعد پہلی ہوم ٹی 20 سیریز فتح ہے۔پاکستان کو سیریز میں 0-2 کی ناقابل شکست برتری حاصل ہو گئی ہے، جبکہ تیسرا اور آخری میچ یکم جون کو کھیلا جائے گا۔