Welcome To Qalm-e-Sindh

قدرت کا انتقام دیکھیں جو نواز شریف کو سیاست سے ہٹانے آیا، خود مائنس ہو گیا ، عظمیٰ بخاری

پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے ایک بار پھر سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف سازشوں کے کرداروں پر شدید تنقید کی ہے۔ اپنے تازہ بیان میں انہوں نے کہا کہ جو شخص نواز شریف کو سیاست سے مائنس کرنے آیا تھا، قدرت کے انتقام کا شکار ہو کر خود ہی سیاست اور پارٹی دونوں سے مائنس ہو چکا ہے۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ان کے اپنے ہی گھر والوں اور پارٹی نے نظرانداز کر دیا ہے۔ “علیمہ خان علی امین گنڈاپور کے خلاف مسلسل سازشوں میں مصروف ہیں، سوشل میڈیا پر منظم مہم اسی گروپ کی سرپرستی میں چل رہی ہے۔”

انہوں نے انکشاف کیا کہ پی ٹی آئی اب تین سے زیادہ گروپوں میں بٹ چکی ہے، “وفاق میں تین الگ الگ دھڑے ہیں اور خیبرپختونخوا میں جنید اکبر، عاطف خان اور باغی ارکان اپنے اپنے کیمپ چلا رہے ہیں۔” عظمیٰ بخاری نے علی امین گنڈاپور کے حالیہ بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے خود سازشوں کا برملا اعتراف کیا ہے۔ “اگر انہوں نے بجٹ منظور نہ کروایا ہوتا تو آئینی طور پر ان کی کرسی جا چکی ہوتی۔” انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا گزشتہ 12 سال سے نااہلی، کرپشن اور گروہی سیاست کی لپیٹ میں ہے، جبکہ پنجاب ترقی، گڈ گورننس اور شفافیت میں باقی تمام صوبوں کے لیے ایک مثالی ماڈل بن چکا ہے۔ ان کا دعویٰ تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اس وقت ملک کی تمام صوبائی قیادت میں کارکردگی کے اعتبار سے سرفہرست ہیں۔

Related Posts