Welcome To Qalm-e-Sindh

قبضے میں لیے گئے روسی بحری جہاز کے عملے کو قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا: وائٹ ہاؤس

وائٹ ہاؤس نے وینزویلا کی ناکہ بندی سے بچ نکلنے والے روسی بحری جہاز پر قبضے کے بعد کہا ہے کہ جہاز کے عملے کو اب قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیوٹ نے بحر اوقیانوس میں آئل ٹینکر کو قبضے میں لینے سے متعلق سوال پر کہا کہ امریکا تمام پابندیوں پر مکمل عمل درآمد کرائے گا اور جہاز کے عملے کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

پریس بریفنگ کے دوران ترجمان نے کہا کہ گرین لینڈ سے متعلق تمام آپشنز زیر غور ہیں تاہم پہلا اور ترجیحی راستہ ہمیشہ سفارت کاری ہوتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ وینزویلا کے عبوری حکام سے قریبی رابطے میں ہے اور وینزویلا کے عبوری حکمرانوں کے فیصلے امریکا کی پالیسی کے مطابق ہوں گے۔ ترجمان کے مطابق امریکا وینزویلا اور امریکی تیل کی صنعت کے ساتھ معاہدوں پر بھی کام کر رہا ہے۔

وائٹ ہاؤس کی ترجمان نے بتایا کہ تیل کمپنیوں کے سربراہان رواں ہفتے وائٹ ہاؤس کا دورہ کریں گے، اور ضرورت پڑنے پر آئل ورکرز کے تحفظ کے لیے صدر ٹرمپ کو امریکی فوج استعمال کرنے کا اختیار حاصل ہے۔ انہوں نے وینزویلا میں انتخابی ٹائم ٹیبل پر بات کرنا قبل از وقت قرار دیا۔

واضح رہے کہ امریکی بحریہ اور کوسٹ گارڈز نے وینزویلا کی ناکہ بندی سے بچ نکلنے والے روسی بحری جہاز پر قبضہ کر لیا ہے۔ خبر ایجنسی کے مطابق امریکی بحریہ اور کوسٹ گارڈز طویل عرصے سے اس جہاز کا پیچھا کر رہے تھے اور اس سے قبل بھی اس پر قبضے کی کوششیں کی جا چکی تھیں۔

Related Posts