بھارتی ریاست اترپردیش میں ایک غیر معمولی واقعہ سامنے آیا جہاں فیس بک پر دوست بننے والے نوجوان اور لڑکی کی شادی تو ہوگئی، لیکن شادی کے بعد دلہا نے دلہن کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا۔
رپورٹس کے مطابق جھارکھنڈ کی لڑکی نے سون بھدر کے رہائشی اس نوجوان کی فیس بک پر فرینڈ ریکویسٹ قبول کی، جس کے بعد ان کی گفتگو جلد ہی رشتے کی شکل اختیار کر گئی۔ ویڈیو کالز اور ملاقات کے بعد دونوں نے شادی کا فیصلہ کیا اور ایک مقامی مندر میں 7 پھیرے لے کر شادی رچائی۔
تاہم، لڑکی کا کہنا ہے کہ اس نے نئی زندگی شروع کرنے کے لیے اپنا خاندان چھوڑ دیا، لیکن جب وہ دلہا کے گھر پہنچی تو اس کا استقبال کرنے کی بجائے نوجوان نے شادی کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا اور کہا، “معاف کرنا، تم کون ہو؟ میں تمہیں نہیں جانتا۔”
اس انکار سے دلہن شدید صدمے میں مبتلا ہو گئی اور گھر کے باہر دھرنا دے دیا، جس کے بعد معاملہ بڑھ گیا اور پولیس کو مداخلت کرنی پڑی۔
لڑکی نے تھانے میں تحریری شکایت درج کرائی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اس نے فیس بک کے ذریعے رشتہ قائم کیا، شادی کی لیکن اب اسے اپنی بیوی کے طور پر قبول کرنے سے انکار کیا جا رہا ہے۔ پولیس نے اس کیس کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور قانونی پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ اگر الزام ثابت ہوا تو مناسب کارروائی کی جائے گی۔














