Welcome To Qalm-e-Sindh

فیروز خان اور ڈاکٹر زینب کی طلاق کی افواہیں، سابقہ اہلیہ علیزے سلطان کا بیان وائرل

اداکار فیروز خان کی سابقہ اہلیہ علیزے سلطان کا حالیہ بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے جس میں انہوں نے طلاق کے بعد بچوں کی پرورش سے متعلق معاشرتی رویوں پر سوال اٹھائے ہیں۔

اپنے وی لاگ میں علیزے سلطان نے کہا کہ طلاق یا علیحدگی کی صورت میں بچوں کی ذمہ داری صرف ماں پر ڈال دینا ایک غیرمنصفانہ رویہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ والد کی ذمہ داری صرف مالی تعاون تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ بچوں کی روزمرہ زندگی اور تربیت میں بھی اسے بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں عام طور پر یہ سمجھا جاتا ہے کہ بچوں کو اسکول لے جانا، ان کے کھانے پینے اور دیگر ضروریات کا خیال رکھنا صرف ماں کی ذمہ داری ہے، جو کہ ایک اکیلی ماں کے لیے نہایت مشکل ہوتا ہے۔

علیزے کا کہنا تھا کہ اگر کوئی خاتون یہ سب کچھ تنہا کر رہی ہے تو یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ہمارا معاشرتی نظام ماں پر دباؤ ڈالتا ہے اور والد کو صرف “کمانے والا” سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے اس رویے کو چیلنج کرنے اور اس کے خلاف آواز بلند کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

یاد رہے کہ علیزے سلطان اور فیروز خان 2018 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔ ان کے دو بچے ہیں: بیٹا سلطان اور بیٹی فاطمہ۔ دونوں 2023 میں علیحدہ ہو گئے تھے، جبکہ فیروز خان نے 2024 میں اپنی معالج ڈاکٹر زینب سے دوسری شادی کی تھی۔

تاہم حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا پر فیروز خان اور ان کی دوسری اہلیہ کے درمیان اختلافات اور ممکنہ طلاق کی افواہیں گردش کر رہی ہیں، جن پر تاحال دونوں فریقین کی جانب سے کوئی باضابطہ تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی۔

Related Posts