Welcome To Qalm-e-Sindh

فرعون، نمرود اور رضا شاہ کے ساتھ جو ہوا وہی ٹرمپ کے ساتھ ہوگا: آیت اللّٰہ خامنہ ای

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ فرعون، نمرود اور رضا شاہ کے ساتھ جو کچھ ہوا، وہی انجام امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا بھی ہوگا۔

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ غرور میں مبتلا ایک شخص دنیا کے فیصلے کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کو یہ سمجھنا چاہیے کہ اقتدار کے عروج پر پہنچنے والے طاقتور ترین حکمرانوں کے ساتھ تاریخ میں کیا ہوا۔

ایرانی سپریم لیڈر نے ایک بار پھر کہا کہ فرعون، نمرود اور رضا شاہ کے ساتھ جو ہوا، وہی ٹرمپ کے ساتھ بھی ہوگا۔

واضح رہے کہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے امریکا اور اسرائیل پر ایران میں فسادات کرانے کا الزام عائد کیا ہے۔

ایرانی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں مسعود پزشکیان نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل لوگوں کو ہدایات دے رہے ہیں کہ وہ تخریب کاری کریں اور یہ وہی قوتیں ہیں جنہوں نے ایران پر حملہ کیا۔

ایرانی صدر نے مزید کہا کہ کسی غیر ملکی طاقت کو قوم میں انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران مذاکرات کرنا چاہتا ہے اور ملاقات کے انتظامات کیے جا رہے ہیں، تاہم ایران کے خلاف بہت طاقتور آپشنز پر بھی غور جاری ہے۔

Related Posts