غزہ کی پٹی میں فلسطینی مزاحمت کاروں کے تازہ حملے میں ایک اسرائیلی فوجی ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا ہے۔حملے میں ہلاک ہونے والے 21 سالہ سارجنٹ نوم شمیش، جو خان یونس میں اسکواڈ کمانڈر تھے، فلسطینی مزاحمت کاروں کے آر پی جی کے نشانے پر آئے۔ زخمی ہونے والے ایک اور فوجی کو فوری طبی امداد دی جارہی ہے۔
یہ واقعہ ایک ایسے وقت پیش آیا ہے جب غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج اور فلسطینی مزاحمت کاروں کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں۔ اکتوبر 2023 سے شروع ہونے والے اسرائیلی فوجی آپریشن میں اب تک 430 سے زائد اسرائیلی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔ایک ہفتہ قبل بھی خان یونس میں شدید جھڑپوں میں چار اسرائیلی فوجی ہلاک اور پانچ زخمی ہوئے تھے، جو خطے میں کشیدگی کی شدت کو ظاہر کرتا ہے۔غزہ میں بڑھتے ہوئے اس تصادم نے امن کے امکانات کو مزید دھندلا دیا ہے اور خطے میں ممکنہ وسیع پیمانے پر فوجی کارروائی کا خطرہ بڑھا دیا ہے۔