Welcome To Qalm-e-Sindh

غزہ میں اسرائیلی درندگی جاری، بمباری سے مزید 41 فلسطینی شہید

غزہ ایک بار پھر اسرائیلی جنگی جارحیت کا نشانہ بن گیا۔ تازہ فضائی حملوں میں آج صبح سے اب تک 41 معصوم فلسطینی شہید اور 50 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔خون میں لتھڑی سڑکیں، ملبے کا ڈھیر بنے گھر، اور اپنے پیاروں کو کھونے والے بے بس فلسطینی… غزہ میں قیامت کا منظر ہے۔مقامی طبی حکام کے مطابق، اسرائیلی فضائیہ نے رہائشی علاقوں، پناہ گزین کیمپوں اور بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا۔ حملے اس قدر شدید تھے کہ کئی خاندان مکمل طور پر ملبے تلے دب گئے۔

شہریوں نے بتایا کہ بمباری کا آغاز علی الصبح ہوا، جب بیشتر لوگ سو رہے تھے۔ حملوں میں شہید ہونے والوں میں خواتین، بچے اور بزرگ بھی شامل ہیں، جبکہ اسپتال زخمیوں سے بھر چکے ہیں۔ کئی افراد کی حالت تشویشناک ہے۔عینی شاہدین کے مطابق، متاثرہ علاقوں میں ریسکیو ٹیمیں محدود وسائل کے ساتھ امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ ہر طرف تباہی، آہوں اور چیخ و پکار کا عالم ہے۔دوسری جانب عالمی برادری کی خاموشی پر فلسطینی عوام میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ مقامی قیادت نے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیلی حملے فوری بند کرائے جائیں اور فلسطینی شہریوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔غزہ پر مسلسل بمباری ایسے وقت میں جاری ہے جب اسرائیل کی مشرق وسطیٰ میں ایران کے خلاف کارروائیاں بھی شدت اختیار کر چکی ہیں، جس سے خطے میں ایک نئی جنگ کے خدشات مزید گہرے ہو گئے ہیں۔

Related Posts