وزیرِ اعظم شہباز شریف نے گلوبل صمود فلوٹیلا میں پاکستانی شہریوں کی شرکت کو پاکستانی قوم کی امن، انصاف اور انسانی ہمدردی کے جذبے کی نمائندگی قرار دیا ہے۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم پر اپنے بیان میں وزیرِ اعظم نے پاکستانی وفد کی باوقار شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشتاق احمد خان، مظہر سعید شاہ، وہاج احمد، ڈاکٹر اسامہ ریاض، اسماعیل خان، سید عزیز نظامی، فہد اشتیاق اور دیگر پاکستانیوں نے جس دلیری اور خلوص سے اس امدادی مشن میں حصہ لیا، وہ قابلِ تحسین ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ عمل پاکستانی عوام کی ان امنگوں کا مظہر ہے جو عالمی انصاف، انسانی جان کے احترام اور مظلوموں کی مدد پر مبنی ہیں۔ پاکستانی قوم مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور انسانی بنیادوں پر امداد پہنچانے والوں کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ حکومتِ پاکستان ہر انسانی جان کے تحفظ، محفوظ رسائی اور بلا تعطل امداد کے اصولوں کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اپنے شہریوں کی جلد اور باحفاظت وطن واپسی کے لیے نہ صرف کوشاں ہے بلکہ ان کی سلامتی اور عزت کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی۔
یاد رہے کہ گلوبل صمود فلوٹیلا غزہ کے قحط زدہ عوام کے لیے امداد لے کر جا رہا تھا، جس پر 40 سے زائد کشتیوں میں تقریباً 500 افراد سوار تھے، جن میں پاکستانی وفد سمیت بین الاقوامی سماجی کارکن شامل تھے۔
اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج نے فلوٹیلا کو گھیرے میں لے کر بعض کشتیوں پر پانی کی توپیں برسائیں، اور تمام افراد کو اسرائیل منتقل کیا جا رہا ہے، جہاں سے انہیں یورپ ڈی پورٹ کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔














