غزہ پر جاری اسرائیلی بمباری نے ایک اور ماں کا سب کچھ چھین لیا۔ ایک خاتون ڈاکٹر، جو اپنی ڈیوٹی انجام دے رہی تھیں، ان کے 9 معصوم بچوں کی لاشیں اسی اسپتال میں ان کے سامنے لائی گئیں۔ اس انسانیت سوز واقعے نے نہ صرف اہلِ فلسطین کو غم میں مبتلا کیا بلکہ پوری دنیا کے حساس دلوں کو ہلا کر رکھ دیا۔امریکی یوٹیوبر مس ریچل، جو بچوں کے لیے تعلیمی ویڈیوز کی وجہ سے دنیا بھر میں معروف ہیں، اس ظلم پر خاموش نہ رہ سکیں۔ انہوں نے انسٹاگرام پر ایک جذباتی ویڈیو پیغام میں کہا:
“یہ کہنا کبھی غلط نہیں کہ بچوں کو بھوکا نہ رکھا جائے، ان پر بم نہ برسائے جائیں، اور انہیں زندہ جلایا نہ جائے۔ اصل جرم تو خاموشی ہے!”
انہوں نے عالمی رہنماؤں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگر آج بھی آپ خاموش ہیں تو آپ بھی اس ظلم میں شریک ہیں۔ مس ریچل نے حال ہی میں ایک فلسطینی بچی سے ملاقات کی جو اسرائیلی حملے میں اپنی دونوں ٹانگوں سے محروم ہو چکی ہے۔اس پیغام نے لاکھوں دلوں کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے، اور سوشل میڈیا پر ایک نئی لہر دوڑا دی ہے۔ دنیا کی ایک مشہور آواز اگر ظلم کے خلاف بول سکتی ہے، تو باقیوں کی خاموشی سوالیہ نشان ہے۔