Welcome To Qalm-e-Sindh

غزہ: جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملے، بچوں سمیت 21 فلسطینی جاں بحق

غزہ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیاں بدستور جاری ہیں، تازہ حملوں میں بچوں سمیت مزید 21 فلسطینی شہید ہو گئے۔

امریکا کی ثالثی میں طے پانے والی جنگ بندی کے دوسرے مرحلے کے آغاز کو ایک ماہ گزرنے کے باوجود غزہ میں فضائی اور زمینی حملے جاری ہیں۔ اس صورتحال پر حماس کی جانب سے اسرائیل پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کیے جا رہے ہیں۔

عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی نے تصدیق کی ہے کہ بدھ کے روز اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 21 افراد شہید جبکہ 31 سے زائد زخمی ہوئے۔

جنوبی غزہ کے شہر خان یونس میں بے گھر فلسطینیوں کے گھروں اور خیموں کو نشانہ بنایا گیا، جہاں حملوں کے بعد تین شہداء کی لاشیں اسپتال منتقل کی گئیں۔

الشفا اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد ابو سلمیہ نے بتایا کہ اسپتال میں درجنوں زخمیوں کو لایا گیا ہے، جبکہ ادویات اور طبی سامان کی شدید کمی کے باعث طبی سہولیات پر غیر معمولی دباؤ ہے اور صورتحال انتہائی تشویشناک ہو چکی ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج کا مؤقف ہے کہ اس نے اپنی فورسز پر فائرنگ کے واقعے کے بعد جوابی کارروائی کی، جس دوران ایک اسرائیلی افسر شدید زخمی ہوا۔

Related Posts