Welcome To Qalm-e-Sindh

عمران خان کو ان کی پسند کا کھانا فراہم کیا جاتا ہے، ان کی صحت بالکل ٹھیک ہے: وفاقی وزیر قانون

اسلام آباد: وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کو جیل میں ان کی مرضی کا کھانا دیا جا رہا ہے، تمام ضروری سہولیات میسر ہیں اور ان کی صحت بالکل ٹھیک ہے۔

قومی اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے واضح کیا کہ ملاقاتوں سے متعلق فیصلے جیل سپرنٹنڈنٹ کے اختیار میں ہوتے ہیں، جو قیدی کے رویے کو مدنظر رکھتے ہوئے ملاقات کی اجازت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اس حوالے سے کوئی ہدایات جاری نہیں کرتی۔

وفاقی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ عمران خان سے متعلق رپورٹ اسپیکر قومی اسمبلی کو پیش کی جا چکی ہے، جس کے مطابق انہیں سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور ہر ہفتے ان کی اہلیہ سے ملاقات بھی کرائی جاتی ہے۔

اعظم نذیر تارڑ نے مزید کہا کہ جیل مینول کے تحت قیدیوں کو سیاسی معاملات پر گفتگو کی اجازت نہیں ہوتی۔ یہ معاملہ عدالت اور جیل انتظامیہ کے دائرہ اختیار میں آتا ہے، تاہم انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وہ اس حوالے سے مزید رپورٹ حاصل کر کے ایوان میں پیش کریں گے۔

Related Posts