Welcome To Qalm-e-Sindh

عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف مقدمے کے اندراج کے لیے سی پی او کو درخواست دے دی

راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے خلاف مقدمہ درج کرانے کے لیے سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) کو باقاعدہ درخواست جمع کرا دی ہے۔ درخواست ان کے وکیل تابش فاروق کی جانب سے کوریئر سروس کے ذریعے سی پی او آفس بھیجی گئی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان کو قید کے دوران بنیادی حقوق اور قانونی سہولیات سے محروم رکھا جا رہا ہے، جو کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر جان بوجھ کر کیا جا رہا ہے۔ وکیل کے مطابق، اڈیالہ جیل میں عمران خان کو نہ مناسب روشنی فراہم کی جا رہی ہے اور نہ ہی اہلِ خانہ سے ملاقات کی اجازت دی جا رہی ہے، جو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

درخواست میں مریم نواز سمیت آٹھ افراد کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔ ان میں سپرنٹنڈنٹ جیل، اے ایس پی زینب، ایس ایچ او اعزاز اور متعلقہ چوکی انچارج شامل ہیں۔ درخواست کے مطابق ان افسران نے باہمی مشاورت سے عمران خان کے اہلِ خانہ کو ہراساں کیا، ملاقات سے روکا اور عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی۔

درخواست میں یہ الزام بھی عائد کیا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب ماضی میں عمران خان کے خلاف دھمکی آمیز بیانات دے چکی ہیں، جن میں انہیں ’فتنہ‘ قرار دے کر انہیں ختم کرنے کا عندیہ دیا گیا۔ وکیل کا کہنا ہے کہ عمران خان کے خلاف جو اقدامات کیے جا رہے ہیں، وہ سیاسی انتقام کا حصہ ہیں اور آئین و قانون کی صریح خلاف ورزی ہیں۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ چونکہ اڈیالہ جیل پنجاب کی حدود میں واقع ہے، اس لیے اس تمام صورت حال کی ذمہ داری پنجاب حکومت پر عائد ہوتی ہے۔ مطالبہ کیا گیا ہے کہ مریم نواز سمیت تمام ذمہ داران کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

Related Posts