راولپنڈی میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے پارٹی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کا استعفیٰ منظور نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے بتایا کہ عمران خان نے ان کا استعفیٰ مسترد کیا ہے اور ضمنی انتخابات کے حوالے سے سیاسی کمیٹی کی آج شام دوبارہ میٹنگ ہوگی، جو عمران خان کی ہدایات کے تحت ہوگی۔
سلمان اکرم راجہ نے مزید کہا کہ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور شبلی فراز اپنے مقدمات عدالتوں میں لڑ رہے ہیں اور پارٹی کے معاملات میں بھرپور مصروف ہیں۔
واضح رہے کہ سلمان اکرم راجہ نے گزشتہ روز پارٹی عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایسا واقعہ پیش آیا ہے جس کے بعد انہیں واضح اور سخت فیصلے کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی زندگی ایک کھلی کتاب کی مانند ہے اور ان کے کسی عمل میں کوئی اصولی تضاد نہیں ہے۔ ان کا مختصر خاندان ان کے ساتھ مکمل طور پر کھڑا ہے۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ انہوں نے پارٹی کے اندر اور باہر سے مختلف قسم کے شدید حملے برداشت کیے ہیں جن کا انہیں کوئی ملال نہیں، اور معاشی بے یقینی کے باوجود اپنی بھرپور وکالت کو ہمیشہ ترجیح دی ہے۔














