رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ اگر وہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے مل لیں تو معاملات بہتر ہو سکتے ہیں، اور جب بھی پارٹی یا عمران خان نے بلایا، وہ ضرور جائیں گے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو میں شیر افضل مروت نے تسلیم کیا کہ پی ٹی آئی میں اختلافات موجود ہیں اور وقت کے ساتھ یہ بڑھتے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کو ایسا تاثر نہیں دینا چاہیے کہ وہ اندرونی انتشار کا شکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ انہیں پارٹی سے نکالا جا چکا ہے، لیکن ان کے بیانات کو متنازع قرار دینا درست نہیں۔ ان کے مطابق، پی ٹی آئی کی قیادت کے درمیان اختلافات کو بڑھاوا دینے کے لیے مائنز اینڈ منرلز بل کو غیر ضروری طور پر متنازع بنایا گیا۔
شیر افضل مروت نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ صوبہ اپنا حق مرکز کو دینے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔