چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جنرل (ر) فیض حمید کے خلاف سزا کا فیصلہ تاریخی اہمیت رکھتا ہے اور یہ اس بات کا واضح پیغام ہے کہ مستقبل میں ایسی غلطیوں کی کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔ ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی اور فیض حمید دونوں ’’اپنے وقت کے فرعون‘‘ تھے اور آج اپنے اعمال کے نتائج بھگت رہے ہیں۔
چینیوٹ میں گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی طاقت کے نشے میں دھمکیاں دیتے تھے اور آج مکافاتِ عمل کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیض حمید نے بھی اپنے عہد اور اختیارات کی خلاف ورزی کی، جس کی سزا انہیں مل چکی ہے جبکہ بانی پی ٹی آئی خود جیل میں ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے حوالے سے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان کوئی بات چیت نہیں ہوئی، تاہم صوبے کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے ایسا لگ رہا ہے کہ پی ٹی آئی خود ایسے حالات پیدا کر رہی ہے جن کے باعث وفاقی حکومت کو سخت اقدامات پر مجبور ہونا پڑ سکتا ہے۔














