Welcome To Qalm-e-Sindh

صدر زرداری سے وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی اہم ملاقات، بھارت کو دو ٹوک پیغام

اسلام آباد سے بڑی خبر سامنے آئی ہے۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے اہم ملاقات کی ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ ملاقات پہلگام واقعے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر کی گئی، جس میں بھارت کے غیر ذمے دارانہ اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وزیرِ داخلہ نے صدر کو قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں سے آگاہ کیا، جنہیں صدر زرداری نے بروقت، درست اور دور اندیش قرار دیتے ہوئے سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلے پاکستانی قوم کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہیں، اور پوری قوم ان فیصلوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

صدر زرداری نے واضح الفاظ میں کہا کہ بھارت کے بے بنیاد الزامات اور غیر منطقی اقدامات کا کوئی جواز نہیں۔ پاکستان نے ہمیشہ امن کی بات کی ہے لیکن اس کی امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے بھی واضح کیا کہ دشمن کسی غلط فہمی میں نہ رہے۔ پاکستان کا دفاع “الحمدللہ” ناقابلِ تسخیر ہے، اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، اور عالمی سطح پر بھی پہلگام واقعے کو لے کر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ پاکستان نے ایک بار پھر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے واضح مؤقف اختیار کیا ہے کہ ملکی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

Related Posts