صدرِ مملکت آصف علی زرداری عراق کے چار روزہ سرکاری دورے پر بغداد میں موجود ہیں۔ دورے کے دوران صدرِ مملکت نے بغداد میں مختلف مقاماتِ مقدسہ پر حاضری دی۔
تفصیلات کے مطابق صدرِ مملکت نے کاظمیہ مقدسہ میں امام موسیٰ الکاظمؑ اور امام محمد تقیٰ الجوادؑ کے روضوں پر حاضری دی۔ اس کے علاوہ انہوں نے حضرت شیخ عبدالقادر جیلانیؒ اور امامِ اعظم ابو حنیفہؒ کے مزارات پر بھی حاضری دی۔
صدرِ مملکت نے روضۂ کاظمیہ میں امتِ مسلمہ کے امن، اتحاد اور سلامتی کے لیے دعا کی اور زائرین کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے۔ اس موقع پر صدر زرداری نے آئمۂ اہلِ بیتؑ کی تعلیمات کو علم، صبر، حکمت اور اخلاقی قوت کا دائمی سرچشمہ قرار دیا۔
دورے کے دوران صدرِ مملکت نے مختلف مزارات کے منتظمین اور مذہبی شخصیات سے ملاقاتیں بھی کیں۔
واضح رہے کہ بغداد پہنچنے پر صدرِ مملکت کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ عراق کے وزیر ثقافت و سیاحت پروفیسر ڈاکٹر احمد، عراق میں پاکستانی سفیر محمد ذیشان احمد اور دیگر سینئر حکام نے صدر زرداری کا استقبال کیا۔
صدرِ مملکت کے اس چار روزہ دورے کے دوران اعلیٰ عراقی قیادت سے ملاقاتیں متوقع ہیں، جن میں دوطرفہ تعاون کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر گفتگو کی جائے گی۔ یہ دورہ پاکستان اور عراق کے برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔














