Welcome To Qalm-e-Sindh

شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نے بھارت سے جنگ جیتی: نواز شریف

مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نے بھارت کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل کی، اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی اعلیٰ عسکری حکمت عملی نے دشمن کو شکست فاش دی۔

نواز شریف نے لندن میں نماز عید کی ادائیگی کے بعد ن لیگ کے کارکنوں سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ایک کارکن نے پارٹی نغمہ پیش کیا، جس پر نواز شریف نے مسکرا کر داد دی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ:

“پاکستان آج درست سمت میں بڑھ رہا ہے، ملک کی معیشت بہتر ہو رہی ہے، اور دفاعی محاذ پر تاریخی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نے بھارت کے خلاف جنگ جیتی۔ جنرل عاصم منیر نے بہترین جنگی حکمت عملی اختیار کی اور بھارت کو شکست دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔”

نواز شریف نے کہا کہ جنرل عاصم منیر فیلڈ مارشل کے عہدے کے حقدار تھے اور حکومت کا یہ فیصلہ قوم کی امنگوں کا ترجمان ہے۔

یاد رہے کہ حالیہ دنوں حکومت نے بھارت کے خلاف کامیاب فوجی کارروائی آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دی ہے۔ اس فیصلے کی منظوری وفاقی کابینہ نے دی۔

نواز شریف نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کارکردگی کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب میں کئی نئے ترقیاتی منصوبے شروع کیے گئے ہیں، اور سمبڑیال ضمنی انتخاب میں بھاری مارجن سے کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔

مزید کہا کہ:

“یہ کامیابیاں پوری قوم کی ہیں۔ یہ اعزاز صرف ایک فرد کا نہیں، بلکہ ہر اُس سپاہی، افسر، اور رہنما کا ہے جس نے ملک کے لیے قربانی دی۔ لاکھوں ‘عاصم’ اس دھرتی پر قربان ہونے کو تیار ہیں۔”

Related Posts