وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے عمران خان کے خلاف 10 ارب روپے کے ہرجانے کے کیس کی سماعت کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ عدالت میں گواہی کے لیے پیش ہوئے۔
لاہور کی سیشن عدالت میں ہونے والی سماعت کے دوران عمران خان کے سینئر وکیل پیش نہ ہوسکے۔ ان کی غیر موجودگی میں معاون وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ آج گواہی ریکارڈ نہ کی جائے اور سماعت کل تک ملتوی کر دی جائے تاکہ سینئر وکیل عدالت میں پیش ہوسکیں۔
وزیراعظم کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان کے وکیل نے گزشتہ روز خود پیشی کی یقین دہانی کرائی تھی، تاہم آج اطلاع ملی کہ وہ اسلام آباد میں موجود ہیں۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد قرار دیا کہ عطا تارڑ کی گواہی آج ہی ریکارڈ کی جائے گی، جبکہ جرح بعد میں کی جائے گی۔
یاد رہے کہ یہ مقدمہ اس بیان کے بعد دائر کیا گیا تھا جس میں عمران خان نے الزام عائد کیا تھا کہ شہباز شریف نے پاناما کیس میں ان کے خلاف کارروائی سے باز رہنے کے لیے 10 ارب روپے کی پیشکش کی تھی، جسے شہباز شریف نے جھوٹ قرار دیتے ہوئے عدالت سے رجوع کیا تھا۔














