Welcome To Qalm-e-Sindh

شوہر کی دوسری شادی میں پہلی بیوی کی انٹری، ہنگامہ کرکے شادی رکوا دی

بھارت میں ایک شخص کی دوسری شادی کی تقریب اس وقت تنازع کا شکار ہوگئی جب اس کی پہلی بیوی اچانک اسٹیج پر پہنچ کر ہنگامہ کھڑا کر دیا۔ یہ واقعہ بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع بستی میں پیش آیا، جہاں ونے آنند شرما نامی شخص کی شادی کی رسومات جاری تھیں کہ اسی دوران پہلی اہلیہ ریشما اپنے گھر والوں کے ساتھ تقریب میں پہنچ گئی۔

ریشما نے اسٹیج پر پہنچتے ہی ونے پر الزام عائد کیا کہ وہ قانونی طور پر اس کا شوہر ہے لیکن پھر بھی دوسری شادی کر رہا ہے۔ اس نے شادی میں شریک افراد کو ونے کے ساتھ اپنی شادی کی تصاویر بھی دکھائیں اور دعویٰ کیا کہ ونے نے اس کے بینک اکاؤنٹ سے بڑی رقم نکالی ہے، جبکہ اس کے نام پر گاڑی کی فنانسنگ بھی کروائی ہوئی ہے۔

معلوم ہوا کہ ریشما اور ونے کی 2022 میں پہلے کورٹ میرج ہوئی تھی، جس کے بعد دونوں خاندانوں کی موجودگی میں باقاعدہ شادی بھی کی گئی۔ تاہم چند ماہ بعد اختلافات پیدا ہونے پر دونوں نے طلاق کا کیس دائر کیا، جو اب بھی زیر التوا ہے۔ قانونی طور پر طلاق مکمل نہ ہونے کی وجہ سے ونے کی دوسری شادی کی حیثیت بھی غیر واضح ہے۔

رپورٹس کے مطابق ونے حال ہی میں اپنے گاؤں آیا جہاں اس کے اہلخانہ نے اس کی دوسری شادی کی تیاریاں کر رکھی تھیں۔ وہ بارات کے ساتھ تقریب میں پہنچا تو اسے اندازہ نہیں تھا کہ اس کی پہلی بیوی کو اس شادی کی اطلاع مل چکی ہے۔ ریشما اہلخانہ سمیت پہنچ گئی اور اس نے تقریب رکوا دی۔

ہنگامے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور دلہا سمیت دونوں خاندانوں کے افراد کو تھانے لے جایا گیا۔ پولیس کے مطابق طلاق کا کیس ابھی زیر سماعت ہے، اس لیے ونے کی دوسری شادی کا معاملہ بھی پہلی شادی کے قانونی طور پر ختم ہونے تک مؤخر ہو گیا ہے۔

Related Posts