بالی وڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کی ممبئی ایئرپورٹ پر اپنے سابق اسٹاف ممبر سے گرمجوش ملاقات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہے۔
شاہ رخ خان 27 اپریل کو اپنی منیجر پوجا دادلانی کے ہمراہ ممبئی واپس پہنچے۔ ایئرپورٹ سے باہر نکلتے ہوئے انہوں نے ایک شخص سے مسکراتے ہوئے ہاتھ ملایا، جو دیکھتے ہی دیکھتے مداحوں کی توجہ کا مرکز بن گیا۔
رپورٹس کے مطابق وہ شخص سمیر ہے، جو شاہ رخ خان کے اسٹاف کا حصہ رہ چکا ہے اور طویل عرصے تک، یعنی 22 سال، ان کے ساتھ وابستہ رہا۔
ویڈیو میں کنگ خان کو نیلی جیکٹ، سفید شرٹ اور نیلی جینز پہنے ہوئے دیکھا گیا، جبکہ ان کا انداز ہمیشہ کی طرح پرکشش اور سادہ تھا۔ ایئرپورٹ سے نکلنے کے بعد شاہ رخ پالی ہل میں واقع اپنے عارضی گھر روانہ ہوئے، کیونکہ ان کی رہائش گاہ “منت” اس وقت تزئین و آرائش کے مراحل میں ہے۔
دریں اثنا، چہ مگوئیاں جاری ہیں کہ شاہ رخ خان رواں سال پہلی بار دنیا کے مشہور فیشن ایونٹ “میٹ گالا” میں شرکت کر سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ شاہ رخ خان کو آخری بار راجکمار ہیرانی کی فلم ڈنکی میں بڑے پردے پر دیکھا گیا تھا، جبکہ ان کی اگلی فلم کنگ ہوگی، جس میں وہ اپنی بیٹی سہانا خان، ابھیشیک بچن اور ابھئے ورما کے ساتھ جلوہ گر ہوں گے۔