وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اعلان کیا ہے کہ اسلامک ڈیولپمنٹ بینک سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے 200 ملین ڈالرز کی فنانسنگ فراہم کرے گا۔ انہوں نے یہ بات اسلامک ڈیولپمنٹ بینک کے ترکیہ ریجنل حب کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔
سید مراد علی شاہ کے ترجمان کے مطابق ملاقات میں سیلاب متاثرین کے لیے گھروں کی تعمیر، صحت اور آبادی کے منصوبوں پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ میں سیلاب متاثرین کے گھروں کی تعمیر کے لیے اسلامک ڈیولپمنٹ بینک اور ورلڈ بینک کی مشترکہ کوششیں جاری ہیں۔
سیلاب متاثرین کے لیے بیرونی امداد کا درست استعمال:
ترجمان نے مزید بتایا کہ اسلامک ڈیولپمنٹ بینک نے سیلاب متاثرین کے لیے 50 ملین ڈالرز کی اضافی معاونت بھی فراہم کی ہے، جو کہ مربوط صحت اور آبادی کے منصوبوں پر خرچ کی جائے گی۔
سندھ کے 24 اضلاع متاثر، سڑکوں کی تعمیر میں بھی تعاون:
سید مراد علی شاہ نے بتایا کہ سندھ کے 24 اضلاع سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں اور متاثرین کے گھروں کی تعمیر کا منصوبہ تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حیدرآباد سے سکھر تک سڑک کی تعمیر میں اسلامک بینک نے دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔