Welcome To Qalm-e-Sindh

سندھ کا بجٹ عوام کے مفاد میں بنایا جائے، مراد علی شاہ

وزیراعلیٰ سندھ نے متعلقہ حکام کو سخت ہدایت کی ہے کہ نئے مالی سال کا بجٹ مکمل طور پر عوام کے فائدے کے لیے تیار کیا جائے۔ انہوں نے کہا ہے کہ جو ترقیاتی اسکیمیں مکمل ہونے والی ہیں، ان کے فنڈز جلد از جلد جاری کیے جائیں اور نئی اسکیموں کی تجاویز شارٹ لسٹ کر کے آئندہ اجلاس میں پیش کی جائیں۔مراد علی شاہ کی زیر صدارت محکمہ خزانہ اور منصوبہ بندی و ترقی کے حکام کا اجلاس ہوا جس میں مالی سال 2024-25 کے بجٹ کی تیاری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے خواہش کا اظہار کیا کہ عید سے قبل زیادہ تر تجاویز کو حتمی شکل دے دی جائے تاکہ بجٹ جلد منظوری کے لیے پیش کیا جا سکے۔

صوبائی وزیر نے اجلاس میں بتایا کہ اس سال 4644 جاری اسکیموں میں سے 1812 مکمل ہو جائیں گی، جبکہ اگلے مالی سال کے لیے محکموں کی جانب سے نئی اسکیموں کی بھرپور تجاویز دی گئی ہیں، جن میں زیادہ تر مقامی سطح کی ترقیاتی اسکیمیں شامل ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ایک علیحدہ اجلاس میں فنڈز کا تفصیلی جائزہ لے کر نئی اسکیموں کو حتمی شکل دی جائے گی۔ یاد رہے کہ سال 2023-24 میں سندھ حکومت نے 88.3 ارب روپے کی لاگت سے 1937 نئی اسکیمیں شروع کی تھیں، جن میں سے بیشتر جلد مکمل ہونے والی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جون کے پہلے ہفتے تک صوبائی محصولات کے اعداد و شمار واضح ہو جائیں گے جو بجٹ کی حتمی تیاری میں مددگار ثابت ہوں گے۔

Related Posts