کراچی: سندھ حکومت نے ٹریفک قوانین کو مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ سڑکوں پر نظم و ضبط اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے۔ وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار کی زیر صدارت اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے جس کے تحت بغیر ڈرائیونگ لائسنس موٹرسائیکل چلانے پر 25 ہزار روپے اور بغیر لائسنس گاڑی چلانے پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ رانگ وے پر موٹرسائیکل چلانے والے کو بھی 25 ہزار روپے چالان کیا جائے گا جبکہ 4 سیٹر رکشوں پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے اور صرف 1 یا 2 سیٹر رکشے سڑکوں پر چلانے کی اجازت ہوگی۔مزید برآں، سرکاری گاڑیوں کی ون وے خلاف ورزی پر 2 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ ٹریفک کے ای چالان اب براہِ راست گاڑی کے مالک کے گھر کے ایڈریس پر بھیجے جائیں گے تاکہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو بچنے کا موقع نہ ملے۔یہ قوانین حتمی منظوری کے لیے سندھ کابینہ میں پیش کیے جائیں گے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات شہریوں کی جان و مال کی حفاظت اور سڑکوں پر ٹریفک قوانین کی پابندی کو یقینی بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔