Welcome To Qalm-e-Sindh

سندھ حکومت کا کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو کروڑوں کی لگژری گاڑیاں دینے کا فیصلہ

کراچی: ایک طرف سندھ بھر میں عوام بجلی، پانی، تعلیم اور صحت جیسی بنیادی سہولیات کے لیے ترس رہے ہیں، تو دوسری جانب سندھ حکومت نے اعلیٰ سرکاری افسران کو کروڑوں روپے کی نئی لگژری گاڑیاں فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، صوبے کے 5 کمشنرز کو 2755 سی سی لگژری گاڑیاں دی جائیں گی جن پر 10 کروڑ 8 لاکھ روپے خرچ ہوں گے، جبکہ 29 ڈپٹی کمشنرز کے لیے 40 کروڑ 15 لاکھ روپے کی مالیت سے نئے ڈالے خریدے جائیں گے، یوں کل ملا کر اس اسکیم پر 52 کروڑ 26 لاکھ روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔اس سے قبل، ستمبر 2024 میں سندھ حکومت نے 138 اسسٹنٹ کمشنرز کے لیے 2 ارب روپے کی ڈبل کیبن گاڑیوں کی خریداری کا فیصلہ کیا تھا، جس پر سخت عوامی ردعمل سامنے آیا تھا۔ جماعت اسلامی نے اس فیصلے کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج بھی کیا، مگر عدالت نے 28 مارچ 2025 کو درخواست خارج کرتے ہوئے حکومت کو گاڑیوں کی خریداری کی اجازت دے دی۔حکومتی مؤقف کے مطابق یہ گاڑیاں افسران کی کارکردگی بہتر بنانے، فیلڈ میں مؤثر نگرانی اور سہولت کے لیے خریدی جا رہی ہیں، مگر ناقدین کا کہنا ہے کہ عوام مہنگائی اور بیروزگاری کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں، ایسے میں حکومتی خزانے سے لگژری اخراجات کرنا عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔

Related Posts