Welcome To Qalm-e-Sindh

سندھ حکومت کا کراچی میں ہیوی ٹریفک سے آئے روز حادثات کا اعتراف

کراچی: سندھ کے صوبائی وزیر داخلہ ضیاءالحسن لنجار نے سندھ اسمبلی کو آگاہ کیا ہے کہ کراچی میں ہیوی ٹریفک کے باعث آئے روز ٹریفک حادثات پیش آ رہے ہیں، جن میں اب تک 250 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی معاذ محبوب کی جانب سے توجہ دلاؤ نوٹس پیش کیا گیا، جس میں کراچی میں ہیوی ٹریفک سے ہونے والے حادثات کی روک تھام کے لیے کیے گئے اقدامات سے متعلق سوال اٹھایا گیا۔

جواب میں وزیر داخلہ نے اس بات کو تسلیم کیا کہ ہیوی ٹریفک سے مسلسل حادثات ہو رہے ہیں، تاہم حکومت کو اس سنگین صورتحال کا مکمل ادراک ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس مسئلے کے حل کے لیے ایوان کی ایک کمیٹی تشکیل دی جا چکی ہے جو سفارشات مرتب کرے گی۔

ضیاءالحسن لنجار نے کہا کہ ٹریفک کے مسائل کے حل کے لیے تمام متعلقہ اداروں اور اسٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنا ہوگا، تاہم افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بعض سیاسی جماعتیں اس حساس معاملے پر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کر رہی ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ٹریلرز پر ایک لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جا رہا ہے اور بعض ٹریلرز کو ایک ہی دن میں تین مرتبہ بھی چالان کیا گیا ہے۔

صوبائی وزیر کے مطابق کراچی میں 12 ہزار سے زائد ٹرکوں اور ڈمپرز پر ٹریکرز نصب کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے حادثات کی دیگر وجوہات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ موٹر سائیکل سواروں کی جانب سے ہیلمٹ کا استعمال نہ کرنا بھی حادثات کی بڑی وجہ ہے، جبکہ آگاہی مہمات کے باوجود شہریوں کا ہیلمٹ پہننے سے گریز تشویشناک ہے۔

Related Posts