کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا بجٹ مشاورتی اجلاس ہوا جس میں وزراء نے بجٹ 2025-26 کے لیے غیر ترقیاتی اخراجات میں کمی کی تجویز دے دی۔ اجلاس میں مشورہ دیا گیا کہ سرکاری وسائل کو بہتر انداز میں بروئے کار لاتے ہوئے فنڈز کو صحت، تعلیم، زراعت اور انفراسٹرکچر جیسے ترقیاتی شعبوں میں منتقل کیا جائے۔
وزیراعلیٰ نے اجلاس کو بتایا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر ہر ضلع سے بجٹ تجاویز حاصل کی گئی ہیں تاکہ بجٹ عوامی ضروریات کے مطابق تشکیل دیا جا سکے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ نئے مالی سال میں پرانی اسکیموں کی تکمیل، اسکول و اسپتالوں کی بحالی، اور غربت کے خاتمے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
کابینہ اراکین نے سفارش کی کہ غیر ضروری اخراجات پر کٹ لگایا جائے، بلدیاتی اداروں کو خودمختار بنایا جائے، اور ڈیجیٹل کیش ٹرانسفر جیسے پروگراموں کو فروغ دیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے عندیہ دیا کہ بجٹ تجاویز کو حتمی شکل دینے کے لیے عید کے بعد مزید اجلاس ہوں گے۔