نیو یارک: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اقوام متحدہ میں پاکستان کا مؤقف پیش کرنے کے لیے نیو یارک پہنچتے ہی سخت موقف اپناتے ہوئے کہا ہے کہ سندھو دریا پر حملہ ہرگز قبول نہیں ہوگا اور پانی پر زبردستی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ویڈیو بیان میں بلاول بھٹو نے کہا کہ وہ اقوام متحدہ میں پاکستان کی آواز بن کر دنیا کو یہ پیغام دیں گے کہ پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کا حق خودارادیت ناقابلِ دستبردار ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشتگردی کے خلاف ہے لیکن دہشتگردی کے بہانے سرحدی سلامتی کو چیلنج کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔چیئرمین پی پی پی نے مزید کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے اور دنیا کو عزت اور برابری کے ساتھ بات کرنے کا پیغام دے گا۔بلاول بھٹو کی یہ تقریر ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی جاری ہے اور پانی کے مسائل بھی بڑھ رہے ہیں۔