Welcome To Qalm-e-Sindh

سعودی عرب کا قطر سے مکمل یکجہتی کا اظہار، اسرائیلی حملے کی شدید مذمت

سعودی عرب نے قطر کے دارالحکومت دوحا پر ہونے والے اسرائیلی فضائی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے برادر ملک کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

سعودی حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مملکت اپنے تمام تر وسائل اور صلاحیتوں کے ساتھ قطر کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، اور اس نازک وقت میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

بیان میں اسرائیلی جارحیت کو بین الاقوامی قوانین و اصولوں کی صریح خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے خبردار کیا گیا ہے کہ ایسے مسلسل اقدامات کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔ سعودی عرب نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس حملے کی مذمت کرے اور اسرائیلی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔

دریں اثناء، سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں قطر پر اسرائیلی حملے کو مجرمانہ فعل قرار دیا اور اس کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سعودی عرب، قطر کی خودمختاری، سلامتی اور استحکام کے تحفظ میں مکمل طور پر اس کے ساتھ کھڑا ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیلی فضائیہ نے آج دوحا میں فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے دفتر کو نشانہ بنایا، جہاں ذرائع کے مطابق اس وقت حماس کی اعلیٰ قیادت موجود تھی جو غزہ میں جنگ بندی سے متعلق ایک تجویز پر غور کر رہی تھی۔

Related Posts