Welcome To Qalm-e-Sindh

سرگودھا: نکاح کے بعد نشہ آور مٹھائی کھانے سے دلہا بے ہوش، دلہن اور رشتہ دار رقم لے کر فرار

سرگودھا میں شادی کا جھانسہ دے کر دلہے سے رقم ہتھیانے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔

پولیس کے مطابق واقعہ سرگودھا کے علاقے قصبہ مٹھہ لک میں پیش آیا، جہاں مبینہ طور پر نکاح کے بعد دلہے کو نشہ آور مٹھائی کھلا کر بے ہوش کیا گیا اور بعد ازاں دلہن اور اس کے ساتھ آئے افراد رقم لے کر فرار ہوگئے۔

متاثرہ دلہے کے مطابق نکاح کی تقریب منعقد ہوئی، مٹھائی تقسیم کی گئی اور اسی دوران اسے نشہ آور مٹھائی کھلائی گئی، جس کے باعث وہ بے ہوش ہوگیا۔ ہوش میں آنے پر دلہن، اس کا مبینہ بھائی اور رشتہ کروانے والی خاتون موقع سے غائب تھے۔

دلہا کا کہنا ہے کہ اس نے شادی کروانے کے عوض ایک لاکھ پچاس ہزار روپے جبکہ نکاح کے لیے 20 ہزار روپے ادا کیے تھے۔

پولیس کے مطابق دلہن، اس کے مبینہ بھائی عمر حیات اور رشتہ کروانے والی خاتون شاہدہ پروین کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور مبینہ فراڈی گروہ کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی جا رہی ہے۔

Related Posts