آزاد کشمیر کے علاقے راولا کوٹ اور گریس ویلی (دریائے نیلم) میں پیش آنے والے دو افسوسناک ٹریفک حادثات میں 6 افراد جاں کی بازی ہار گئے۔
پولیس کے مطابق پہلا واقعہ راولا کوٹ میں پونچھ یونیورسٹی کے تراڑ کیمپس کے قریب پیش آیا، جہاں ایک گاڑی نالے میں بہہ گئی۔ حادثے میں پونچھ یونیورسٹی سے وابستہ خاتون لیکچرار جاں بحق ہو گئیں، جن کی شناخت ڈاکٹر گل لالہ کے نام سے ہوئی ہے۔ جاں بحق خاتون کا تعلق راولا کوٹ کے نواحی علاقے کھڑک سے بتایا گیا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب گاڑی نالے سے گزرنے کی کوشش کے دوران اچانک بند ہو گئی۔ اسی دوران نالے میں پانی کی سطح بلند ہو گئی اور گاڑی پانی کے تیز بہاؤ میں بہہ گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ نالہ تراڑ میں بہہ جانے والی گاڑی کی تلاش جاری ہے، اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر موجود ہیں۔
دوسری جانب گریس ویلی میں ایک اور افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک گاڑی دریائے نیلم میں جا گری۔ اس حادثے میں 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔ پولیس اور مقامی افراد کی مدد سے ریسکیو آپریشن جاری ہے، جبکہ جاں بحق افراد کی شناخت کا عمل بھی مکمل کیا جا رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کی وارننگ کے باوجود احتیاطی تدابیر نہ اپنانے پر تشویش
گزشتہ دنوں سے جاری شدید بارشوں کے باعث ندی نالوں اور دریاؤں میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے، اور ایسے موسم میں غیر محفوظ راستوں سے گزرنے کے باعث حادثات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ خراب موسم کے دوران ندی نالوں اور پہاڑی راستوں سے اجتناب کریں اور حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔














