Welcome To Qalm-e-Sindh

دہشتگردی کو شکست دے کر کے پی میں ہر حال میں امن قائم کریں گے — وزیر اعلیٰ

پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ ایمان، حوصلے اور عزم کے ساتھ دہشتگردی کو شکست دے کر صوبے میں ہر صورت امن بحال کیا جائے گا۔

پولیس فورس اور سول افسران کے مشترکہ دربار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات غیر معمولی نوعیت کے ہیں۔ خیبر پختونخوا گزشتہ چار دہائیوں سے دہشتگردی کا سامنا کر رہا ہے، لیکن پولیس نے کم وسائل کے باوجود 21 سال تک دہشتگردی کے خلاف بہادری سے لڑائی کی، جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پولیس کی جس جوانمردی اور حوصلے کے ساتھ دہشتگردوں کا مقابلہ جاری ہے، وہ قابلِ تحسین ہے۔ اگر اللہ تعالیٰ کی رضا اور عوام کے مفاد کے لیے لڑا جائے تو کامیابی یقینی ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں ہر حال میں امن بحال کیا جائے گا۔ پولیس کے لیے بلٹ پروف گاڑیاں، جدید اسلحہ، اینٹی ڈرون سسٹم اور جدید ترین ٹیکنالوجی ہنگامی بنیادوں پر فراہم کی جا رہی ہے۔ وسائل کی کمی کو سکیورٹی کے راستے میں رکاوٹ نہیں بننے دیا جائے گا۔

سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ افسران کے کام میں کوئی سیاسی مداخلت نہیں ہوگی، مگر نتائج دینا لازمی ہیں۔ کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور کسی کو کوئی رعایت نہیں ملے گی۔ سرکاری افسران کی کارکردگی پرفارمنس انڈیکیٹرز کے مطابق جانچی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ جن اداروں کا کام انصاف فراہم کرنا ہے، جب وہ یہ ذمہ داری پوری نہ کریں تو حالات خراب ہوتے ہیں۔ ہم نے بانی پی ٹی آئی کے ویژن کے مطابق عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے اور تمام فیصلے عوامی مفاد کے پیشِ نظر کیے جائیں گے۔

Related Posts